ایران کے خلاف فوجی راستہ مکمل ناکام، عزت دیں، عزت لیں: عباس عراقچی
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی راستہ مکمل طور پر ناکام ہوگا۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کے خلاف کوئی بھی فوجی حل کارگر ثابت نہیں ہو گا، امریکی اور اسرائیلی حکام کی حالیہ دھمکیوں سے فرق نہیں پڑتا، ایران ایسی دھمکیوں کا عادی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی خود بھی جانتے ہیں جنگ یا دھمکیوں کے ذریعے کوئی نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکتا، ایران کے خلاف فوجی راستہ مکمل طور پر ناکام ہوگا، ایران ہر قسم کی دھمکیوں کے مقابلے میں مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی دباؤ کے سامنے جھکنے والا نہیں ہے، ایران سے عزت و احترام سے بات کی جائے گی تو ایران بھی عزت دے گا۔
خیال رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برکس ممالک کے اجلاس میں کہا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکنے کا وقت آ گیا ہے، برکس ممالک ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی کھل کر مذمت کریں، امریکہ اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایران سفارت کاری کے لیے تیار ہے مگر اپنی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا اور کسی کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائے گا، ایران سے متعلق کسی بھی مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں، ایرانی قوم دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکتی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران مخالف جنگ پر مغربی ممالک کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن حملہ ہوا تو بھرپور اور تباہ کن جواب دیں گے، مغرب کی خاموشی اسرائیل اور امریکہ کو استثنیٰ کا احساس دلا رہی ہے۔