سعودی عرب کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اشتعال انگیز اقدامات کی شدید مذمت

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی حکام کے اشتعال انگیز اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سعودی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات کو روکے جو بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضوابط کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی حکام کو ان سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے جو اسلامی مقدسات اور فلسطینی شہریوں کے خلاف کی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت کا عہدیدار پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوا جبکہ دوسرے عہدیدار کی جانب سے مسجد کے صحن میں اسرائیلی پرچم لہرایا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق ان واقعات کا تعلق یروشلم ڈے کے موقع پر ہونے والی سرگرمیوں سے ہے جن میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مسجد اقصی کے احاطے میں داخل ہوا، اس نے اسرائیلی پرچم لہرایا اور اپنے حامیوں کے ساتھ رقص کیا۔

اسرائیلی وزیر کے ہمراہ ایک اور رکن اسمبلی بھی تھا جس کو مسجد کے احاطے میں عبادت کرتے دیکھا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں