امریکی سینیٹ: ایران پر حملے روکنے کیلئے ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنیکی قرارداد مسترد

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ایوان نمائندگان نے ووٹنگ کے ذریعے صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف فوجی اختیارات کو محدود کرنے کی ڈیموکریٹس کی کوشش کو مسترد کر دیا۔

قرارداد پیش کی گئی تھی کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو کانگریس کی منظوری سے مشروط کیا جائے تاہم یہ کوشش محض ایک ووٹ کے فرق سے ناکام ہو گئی۔

ووٹنگ 212 کے مقابلے میں 212 ووٹوں سے برابر رہی جس کے باعث قرارداد منظور نہ ہو سکی کیونکہ اسے اکثریت درکار تھی، قرارداد منظور نہیں ہو سکی لیکن اس کی حمایت کرنے والے ریپبلکن ارکان کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی جماعت کے تین ارکان ٹام بیریٹ، برائن فِٹزپیٹرک اور تھامس میسی نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن جیرڈ گولڈن نے مخالفت کی۔

یہ اس سال تیسری مرتبہ تھا کہ ایوان نمائندگان میں ایران سے متعلق جنگی اختیارات پر ووٹنگ ہوئی، یہ پہلا موقع تھا جب یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب یکم مئی کو صدر ٹرمپ کو جنگی صورتحال پر کانگریس کو اعتماد میں لینے کی 60 روزہ ڈیڈ لائن گزر چکی تھی۔

ٹرمپ نے بعد میں اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی کے باعث ایران کے خلاف کارروائی روک دی گئی ہے، سینیٹ میں بھی اس نوعیت کی متعدد کوششیں ناکام ہو چکی ہیں جہاں اسی معاملے پر ایک قرارداد 50 کے مقابلے میں 49 ووٹوں سے مسترد کی گئی، اس ووٹنگ میں تین ریپبلکن اراکین نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کی حمایت کی۔

سیاسی ماہرین کے مطابق حالیہ ووٹنگز میں فرق انتہائی کم ہوتا جا رہا ہے کیونکہ کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کی برتری محدود ہے اور ایران سے متعلق امریکی پالیسی پر سیاسی تقسیم بڑھ رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں