امریکی وزیرِ خارجہ کا جنوبی افریقہ کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا اعلان
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر کو پرسونا نان گریٹا (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دے دیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ میں جنوبی افریقہ کے سفیر ابراہیم رسول کا اب ہمارے عظیم ملک میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔
.jpg)
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ابراہیم رسول ریس بیٹنگ (رنگ و نسل کی بنیاد پر لوگوں کو نشانہ بنانے والے) سیاست دان ہیں جو صدر ٹرمپ اور امریکہ سے نفرت کرتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں جنوبی افریقہ کے سفیر سے کوئی بات نہیں کرنی لہٰذا انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن میں جنوبی افریقہ کے سفارت خانے کی جانب سے امریکی وزیرِ خارجہ کے اس بیان پر تاحال کوئی ردِعمل نہیں آیا ہے، امریکی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور جنوبی افریقہ کے تعلقات میں سرد مہری پائی جاتی ہے۔