پاکستان میں سرمایہ کاری اور بچت کی شرح اہداف سے کم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال 26-2025 کے دوران ملک میں سرمایہ کاری اور قومی بچت کی شرح مقررہ اہداف سے کم رہی ہیں۔
ذرائع پلاننگ کمیشن کے مطابق قومی آمدنی کے مقابلے میں سرمایہ کاری کی شرح 14.4 فیصد رہی، جو ہدف 14.7 فیصد سے کم ہے، اسی طرح قومی بچت کی شرح بھی 14.4 فیصد پر برقرار رہی۔
سرکاری شعبے کی سرمایہ کاری میں بھی کمی دیکھی گئی ہے جو کم ہو کر جی ڈی پی کے 3.1 فیصد تک محدود رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ شرح 3.3 فیصد تھی۔
دوسری جانب نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر جی ڈی پی کے 9.6 فیصد تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال اور رواں مالی سال دونوں میں 14.4 فیصد پر جمود کا شکار رہی، جبکہ بچت کے رجحان میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قومی بچت کی شرح 2024-25 میں 14.1 فیصد اور رواں مالی سال میں 14.4 فیصد رہی۔
علاقائی تقابل میں پاکستان کی معاشی کارکردگی دیگر ممالک کے مقابلے میں کمزور رہی ہے، گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت کی اوسط شرح نمو 6.5 فیصد، ویتنام کی 6.7 فیصد، بنگلہ دیش کی 5.4 فیصد جبکہ پاکستان کی اوسط شرح نمو صرف 4.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔