فیس بک نے اپنے مونیٹائزیشن نظام میں اہم تبدیلی کر دی
نیویارک: (ویب ڈیسک) فیس بک نے اپنے مونیٹائزیشن نظام میں اہم تبدیلی کر دی ہے جس کے سبب کم فالوورز رکھنے والے نئے کانٹینٹ کریئیٹرز بھی ڈالرز میں کمائی کر سکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت فیس بک نے بعض اکاؤنٹس اور پیجز کے لئے مونیٹائزیشن کے معیار میں نرمی کی ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ تخلیق کاروں کو اپنے مواد سے مالی فوائد حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ماضی میں مونیٹائزیشن پروگرام میں شامل ہونے کیلئے فالوورز کی بڑی تعداد، طویل واچ ٹائم اور دیگر سخت اہداف پورے کرنا ضروری تھے، جس کی وجہ سے بہت سے نئے صارفین اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے تھے۔
تازہ پالیسی کے مطابق اگر کوئی پیج یا پروفائل 28 دن کے اندر 3 لاکھ ویوز حاصل کر لیتا ہے تو اسے فیس بک کے ’’کانٹینٹ مونیٹائزیشن ٹول‘‘ تک رسائی مل سکتی ہے، جس کے ذریعے تخلیق کار اپنے مواد سے آمدنی کما سکتے ہیں۔
.jpg)
ڈیجیٹل میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیا معیار پہلے کے مقابلے میں زیادہ قابلِ حصول ہے، خاص طور پر ان صارفین کیلئے جو مستقل بنیادوں پر ویڈیوز، ریلز اور دیگر دلچسپ مواد شائع کرتے ہیں۔
تاہم ماہرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صرف ویوز حاصل کرنا کافی نہیں ہوگا بلکہ مونیٹائزیشن کیلئے فیس بک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، کاپی رائٹ قوانین اور دیگر پالیسیوں کی مکمل پابندی بھی ضروری ہوگی، قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں مونیٹائزیشن کی سہولت محدود یا معطل کی جا سکتی ہے۔
نئی پالیسی کو سوشل میڈیا کریئیٹرز کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے چھوٹے اور ابھرتے ہوئے کانٹینٹ تخلیق کاروں کیلئے عالمی سطح پر آمدنی کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ کانٹینٹ مونیٹائزیشن کیلئے چیلنج جوائن کرنے کی یہ اپڈیٹ فیس بک کے تمام پیجز یا اکاؤنٹس پر نہیں آئی۔