غزہ میں صحافیوں کی بڑی تعداد بے گھر یا نقل مکانی پر مجبور

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں صحافیوں کی بڑی تعداد بے گھر یا نقل مکانی پر مجبور ہوگئی۔

فلسطینی صحافیوں کی تنظیم کی فریڈمز کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ میں 60 سے 75 فیصد صحافی اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں یا انہیں جبری طور پر نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

میڈیا ود آؤٹ والز کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 265 صحافیوں کی موت ہو چکی ہے جو کسی تنازع میں صحافیوں کی اموات کی عالمی سطح پر سب سے زیادہ شرح ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں میڈیا کے 80 فیصد دفاتر اور ادارے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، صحافتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور اسے مکمل انہدام سے تعبیر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں غزہ کے صحافی روایتی نیوز رومز سے کام نہیں کر رہے بلکہ وہ خیموں، سڑکوں اور عارضی پناہ گاہوں سے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کے پاس بنیادی ذریعہ صرف موبائل فون ہے جبکہ محدود اور غیر مستحکم انٹرنیٹ ان کی اشاعت اور ترسیل کے عمل کو متاثر کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں