مریم اورنگزیب کی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، بجٹ سیشن پر تبادلہ خیال

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ملاقات کی، جس میں بجٹ سیشن، اسمبلی امور اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بجٹ سیشن کے دوران ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے پر سپیکر ملک محمد احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، ماحول کی بہتری، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت وزیراعلیٰ کی محنت کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ہر شہر میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے: مریم اورنگزیب

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب بھر میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کی توسیع کا منصوبہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پنجاب کے ہر حلقے میں ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں، جس سے ایک مثبت سیاسی اور جمہوری روایت قائم ہوئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی پارلیمان، جمہوریت اور جماعت کے لیے خدمات کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں