خاتون پر مبینہ تیزاب گردی، وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، ملزم کی گرفتاری کا حکم
کراچی: (دنیا نیوز) کورنگی کراسنگ کے علاقے میں خاتون پر مبینہ تیزاب گردی کے واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 21 جون کو پیش آیا، جبکہ متاثرہ خاتون کرن خان نے بیان دیا کہ ان کا پڑوسی علی کافی عرصے سے انہیں ہراساں کر رہا تھا، خاتون کے مطابق پڑوسی کی پانی کی ٹینکی بھرنے سے ان کے گھر میں پانی آ جاتا تھا، جس پر متعدد بار شکایت کی گئی مگر مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ 21 جون کو جب وہ گھر سے باہر نکلیں تو بلڈنگ کے میزانائن فلور پر پڑوسی علی نے مبینہ طور پر ان پر تیزاب پھینکا اور ایک خاتون کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان فلیٹ پر قبضے کا تنازع بھی چل رہا ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کی جائیں، انہوں نے کہا کہ اگر متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا تو اس کی وجوہات معلوم کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے نامزد ملزم کی فوری گرفتاری یقینی بنانے، متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات، تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم ناقابل برداشت ہیں اور اس میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے مزید ہدایت کی کہ شواہد اکٹھے کرنے کا عمل قانون کے مطابق اور متاثرہ خاتون کی عزتِ نفس کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے، مقدمے کی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جا سکے۔