پنجاب کے ہر شہر میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے: مریم اورنگزیب
لاہور:(دنیا نیوز) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ منظوری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے سپیکر اور حکومت کو مبارکباد پیش کی اور مریم نواز کی قیادت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 70 سے 75 سال پرانی پانی اور سیوریج کی زیرِ زمین لائنوں کی تبدیلی کا بڑا منصوبہ جاری ہے،جس پر صوبے کے 84 شہروں میں کام ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام میں زیرِ زمین سیوریج نظام کی بہتری، انڈر گراؤنڈ ٹینکس اور ری چارج ویلز (زیرِ زمین پانی کے کنوؤں) کی تعمیر بھی شامل ہے۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جولائی کے پہلے ہفتے میں سرگودھا کارڈیالوجی ہسپتال کا افتتاح کریں گی، جہاں تمام مشینری کی تنصیب اور تعمیراتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے 41 اضلاع میں واسا کی ایجنسیاں فعال ہیں، جبکہ لوکل گورنمنٹ کے مختلف اداروں کو 1500 سے زائد مشینری فراہم کی جا چکی ہے، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور ملحقہ علاقوں میں واٹر میپنگ مکمل کی گئی ہے اور ان علاقوں میں 42 ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 5800 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے مختلف علاقوں میں صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب میں 2400 مثالی دیہات کے منصوبے کے تحت بلا امتیاز واٹر سپلائی، سیوریج، سینی ٹیشن اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
سینئر وزیر پنجاب نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ان کے دور میں ایک بھی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا گیا ہو تو بتایا جائے جب کہ موجودہ حکومت پنجاب کے ہر شہر میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔