کشمیری پاکستان کے مخالف نہیں، بات چیت سے مسائل حل کیے جائیں: حافظ نعیم الرحمان
اسلام آباد:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان کے مخالف نہیں، بات چیت سے مسائل حل کیے جائیں۔
آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کیا جائے، ایسے حالات پیدا نہ ہوں جن سے دشمن کو فائدہ ہو۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ کشمیر کے حالات خراب کرکے اپنے لیے راستہ بنائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پر زور دیا کہ وہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے اور بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، صرف پاکستان اور کشمیر ہے، کشمیر کو سید علی گیلانی، یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور کشمیری نوجوانوں سے الگ نہیں سمجھا جا سکتا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنی سیاسی قیادت پر اعتماد نہیں،مفادات کی خاطر ووٹوں کی خرید و فروخت ہو رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر حصے میں کشمیر کے شہدا موجود ہیں، کشمیری کبھی پاکستان کے مخالف نہیں ہو سکتے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ثالثی کی پیشکش پاکستان کے فریم ورک کے اندر ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کا موقع نہیں مل رہا، پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا، وزیراعظم کو مخاطب کرتے اُن کا کہنا تھا کہ ہم سے مل لیجیئے، آپ کو فائدہ ہی ہوگا۔