پاکستان کا سلامتی کونسل سے فلسطین میں اسرائیلی آبادکاریاں فوری روکنے کا مطالبہ
جنیوا:(دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی آبادکاری فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال انتہائی سنگین ہے جب کہ اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد اور غیر قانونی آبادکاریاں ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی ہلاکتیں جاری ہیں، اس لیے سلامتی کونسل اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کا پابند بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی مالی رقوم فوری بحال کرے، فلسطینی زمینوں کے الحاق، مکانات کی مسماری اور جبری بے دخلی کا سلسلہ بند کیا جائے، اور فلسطینیوں کو آبادکاروں کے تشدد سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس ہو، وہی پائیدار امن کی ضمانت ہے، جبکہ دو ریاستی حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔