فیفا ورلڈ کپ: برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو1-2 سے شکست دیدی

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو1-2 سے شکست دے دی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ آخر تک شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں دونوں جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کئی مواقع پیدا کرنے کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے ہاف کے 56 ویں منٹ میں برازیل کے تجربہ کار مڈفیلڈر کیسمیرو نے شاندار گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

جاپان نے اس کے بعد بھرپور انداز میں واپسی کی اور برابر گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا، میچ اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہوا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ فیصلہ اضافی وقت میں ہوگا، تاہم انجری ٹائم میں برازیل کے سٹار فارورڈ گیبریل مارٹینیلی نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اس گول کے بعد جاپان کو واپسی کا کوئی موقع نہ مل سکا اور ریفری کی آخری سیٹی کے ساتھ برازیل نے کامیابی اپنے نام کر لی، اس اہم فتح کے ساتھ برازیل نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کامیابی سے کوالیفائی کر لیا، جبکہ جاپان کا ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں