آبنائے ہرمز بیرونی قوتوں کی فوجی طاقت کے مظاہرے کا میدان نہیں: ایران
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز خطے سے باہر کی قوتوں کی فوجی طاقت کے مظاہرے کا میدان نہیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کا یہ بیان برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں کے اس مشترکہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس مِں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے کثیر الملکی فوجی مشن کی تعیناتی کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔
کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران ایک ذمہ دار طاقت اور آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ضامن ہے اور اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کے بارے میں خبردار کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کی ذمہ داری ساحلی ریاستوں پر عائد ہوتی ہے، بحران پیدا کرنے والوں کو اپنی مہم جوئی کے نتائج بھگتنا ہوں گے، یہ ایک سنجیدہ انتباہ ہے۔