وزیراعلیٰ بلوچستان کی ایکس اسپیس میں گفتگو، حقائق پر مبنی مؤقف کی بھرپور پذیرائی
کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی اوپن ایکس اسپیس میں بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کو سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ حاصل ہوئی۔
گفتگو میں مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، قوم پرست حلقوں، این جی اوز کے نمائندوں اور ناقدین نے بھی شرکت کی، ایک مرحلے پر شرکا کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، یوتھ انگیجمنٹ پلان، روزگار کے مواقع، تعلیمی اصلاحات، پنشن ریفارمز، الیکٹرک وہیکلز پالیسی اور دیگر حکومتی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں نوجوانوں کے لیے روزگار، اعلیٰ تعلیم اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے، حکومت نے پہلی بار متعدد شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جبکہ ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ اور سکالرشپس کے لیے خصوصی فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ چار ارب روپے کے منصوبے کے تحت سرکاری سکولوں، کالجوں، جامعات اور صحت کے مراکز میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے ریاستی ادارے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں اور چند پرتشدد عناصر ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے براہِ راست عوامی سوالات کے جواب دیتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کی فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔