کارگو طیارہ حادثہ: ریسکیو آپریشن جاری، مزید ملبہ سمندر سے برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ بحیرۂ عرب میں گرنے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے عملے کی تلاش بدستور جاری ہے، جبکہ طیارے کے مزید ملبے کے حصے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا گہرے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ بلیک باکس سمیت عملے کے 5 ارکان کی تلاش بھی جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار طیارے کا مزید ملبہ اور پرزے سمندر سے برآمد کرکے بیوروآف ایئرکرافٹ سیفٹی انویسٹی گیشن ٹیم کےحوالے کردیا گیا، تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مزید پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا، مزید معلومات بھی جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ منگل کی شب شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737-400 کارگو طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر مغرب میں بحیرۂ عرب کے اوپر ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔
پرواز کے دوران پائلٹ نے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے ایریا کنٹرول سینٹر سے مدد طلب کی تھی، طیارے میں پانچ افراد سوار تھے، جن میں دو پائلٹ، دو انجینئرز اور ایک معاون عملے کا رکن شامل تھا۔
گہرے سمندر میں تقریباً 12 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد بدھ کو طیارے کا ملبہ اورماڑہ بندرگاہ سے 53 ناٹیکل میل (تقریباً 98 کلومیٹر) جنوب میں مل گیا تھا۔