میہڑ میں ریاض چانڈیو قتل کیس، 10 نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

میہڑ: (دنیا نیوز) ام رباب چانڈیو کے چچا زاد بھائی ریاض چانڈیو کے قتل کا مقدمہ تھانہ فرید آباد میں درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول کے بھائی احسان چانڈیو کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں 10 نامزد جبکہ 2 نامعلوم ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔

مقدمے میں غلام مرتضیٰ، عبدالستار، محمد صفر، احمد رضا، علی جان سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 2018 میں مدعی کے خاندان کے تین افراد کے قتل کا مقدمہ مدعی کے چچا زاد بھائی پرویز چانڈیو کی مدعیت میں درج ہوا تھا، جبکہ مقتول ریاض چانڈیو اس مقدمے میں مشیر تھا۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریاض چانڈیو کے مشیر ہونے پر نامزد ملزمان اس سے ناراض تھے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے روز ریاض چانڈیو اپنے ٹریکٹر کے ذریعے ام رباب چانڈیو کے خاندان کی زمین پر کام کر رہا تھا کہ اسی دوران نامزد ملزمان نے حملہ کر کے اسے قتل کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں