لندن میں مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت مل گئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے وژن کے تحت پنجاب میں جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب ہائی کمیشن میں بھی دستیاب ہے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں پاکستان ہائی کمیشن لندن کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کیلئے پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ جائیداد کی منتقلی کا پورا عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے، جس سے طریقہ کار نہ صرف شفاف اور محفوظ بنتا ہے بلکہ تیز رفتار اور کم خرچ بھی ثابت ہوتا ہے۔

ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے اوورسیز پاکستانیوں کو صرف جائیداد کی منتقلی کیلئے پاکستان کا سفر بھی نہیں کرنا پڑے گا، جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی، اس نئی سہولت کے تحت مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جو اس نظام کی مؤثر کارکردگی کا عملی مظہر ہے۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی کے عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...