قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہلخانہ پر پولیس کا دھاوا، 11 افراد گرفتاری کے بعد رہا
کراچی: (دنیا نیوز) صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یر غمال پاکستانیوں کے اہلخانہ نے کراچی میں احتجاج کیا، پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں شارع فیصل پر وزارت خارجہ کے دفتر کے باہر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا، پولیس نے دھرنے میں بیٹھے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا، مظاہرین گزشتہ رات سے منسٹری آف فارن افیئرز کے دفتر کے قریب دھرنے پر بیٹھے تھے۔
مظاہرین نے آج صبح سے بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا عندیہ دے رکھا تھا، پولیس کے کریک ڈاؤن کے بعد متاثرہ فیملیز ٹیپو سلطان پولیس اسٹیشن پہنچ گئیں۔
کراچی کے ٹیپو سلطان پولیس سٹیشن پہنچنے والے شہریوں نے زیرحراست افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ، بعد میں پولیس نے حراست میں لیے گئے گیارہ مظاہرین کو رہا کر دیا۔
پولیس نے چھ مرد اور پانچ خواتین کو حراست میں لیا تھا، پولیس نے قبضے میں لیا گیا سامان بھی مظاہرین کے حوالے کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments