ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کو اکتوبر میں حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائیگی: اے ڈی بی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اے ڈی بی حکام نے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اے ڈی بی کی تکنیکی ٹیم اور منصوبے کے کنسلٹنٹس ایم ایل ون پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق ڈیزائن حتمی ہونے کے بعد پروکیورمنٹ اور دیگر مراحل کو بروقت آگے بڑھایا جائے گا، منصوبے کے آئندہ مراحل اور منظوریوں سے متعلق ضروری تقاضے حکومتِ پاکستان کے ساتھ بروقت شیئر کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایم ایل ون منصوبے کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ایم ایل ون منصوبہ جلد از جلد عملی مرحلے کی جانب بڑھے۔

احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ایم ایل ون سے متعلق اپنی تمام ضروری ذمہ داریاں اور تقاضے بروقت پورے کرے گی، ایم ایل ون منصوبے کے تمام مراحل میں حکومت ضروری سہولت اور تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت پیش رفت کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون ضروری ہے، تکنیکی، قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی مکمل پاسداری کے ساتھ منصوبے کے شیڈول کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

اے ڈی بی حکام نے ایم ایل ون منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے حکومتِ پاکستان کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت پیش رفت کیلئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...