پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف: حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات منگل تک موخر

لاہور:(دنیا نیوز) عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوسکی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیر کو ہونے والے مذاکرات اب منگل تک مؤخر کر دیے گئے ہیں، جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے اور 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو کیے جائیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی قائم کر رکھی ہے، جبکہ پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے معاملات کے لیے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق پٹرولیم لیوی پر مذاکرات منگل جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو ہوگی۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے معاملے پر اسلام آباد میں مذاکرات کے پہلے دو دور ہوچکے ہیں، تاہم دونوں ادوار میں فریقین کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہوسکا اور مذاکرات کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...