جماعت اسلامی مستقل مزاجی سے قوم کا مقدمہ لڑ رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان
لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مستقل مزاجی سے قوم کا مقدمہ لڑ رہی ہے، کارکن اور اسپورٹرز تمام تر حالات میں ڈٹے ہوئے ہیں، اسلام آباد جا رہے ہیں اور صرف ہاتھ لگا کر واپس نہیں آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک ملک بھر میں جاری ہے اور کارکن مشکل حالات کے باوجود اپنے مطالبات کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ، چترال اور بلوچستان میں بھی بدترین حالات کے باوجود دھرنے جاری ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ کارکن اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہاں صرف رسمی طور پر پہنچ کر واپس نہیں آئے گی بلکہ اپنے مطالبات کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کا فائدہ کسی ایک سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ پوری قوم کو ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا آئینی حق ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کی ہے، جبکہ مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت سامنے آرہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر بھی منصورہ آئے اور بعد ازاں پشاور میں جاری دھرنے میں شریک ہوئے۔ سندھ اسمبلی میں بھی جماعت اسلامی کے مطالبات کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آئندہ چند دنوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات ہوجائے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق پیپلز پارٹی بھی جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کر رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments