ڈیجیٹل اثاثوں کے مؤثر ضابطے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے: بلال بن ثاقب
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اثاثوں کے مؤثر ضابطے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔
یو این ہیڈکوارٹرز میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اثاثے، ٹوکنائزیشن اور بلاک چین ترقی پذیر معیشتوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ان ٹیکنالوجیز کے فوائد کے حصول کے لیے واضح، مؤثر اور متوازن ریگولیٹری فریم ورک ضروری ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایک ارب 40 کروڑ افراد اب بھی رسمی مالیاتی نظام سے باہر ہیں، جبکہ مہنگی ترسیلاتِ زر اور پیچیدہ مالیاتی نظام عام لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، ڈیجیٹل فنانس مالی شمولیت بڑھانے اور کم لاگت ترسیلاتِ زر کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ ڈیجیٹل شناخت اور قابلِ تصدیق مالی ریکارڈ چھوٹے کاروباروں کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ ٹوکنائزیشن انفراسٹرکچر اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ بلاک چین کے ذریعے سرکاری اخراجات اور سپلائی چینز میں شفافیت بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل فنانس کو ہر مسئلے کا خودکار حل سمجھنا درست نہیں، تاہم ریگولیشن میں غیر ضروری تاخیر صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ خوف پر مبنی ریگولیشن ٹیکنالوجی کو غیر شفاف ماحول کی طرف دھکیل سکتا ہے، اس لیے ریگولیشن کا مقصد مارکیٹ کو روکنا نہیں بلکہ اسے منظم انداز میں فروغ دینا ہونا چاہیے۔
بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ واضح اور مؤثر ریگولیشن غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، گلوبل ساؤتھ میں ڈیجیٹل فنانس سے متعلق ریگولیٹری صلاحیت مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ترقی پذیر ممالک ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں پیچھے رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ معیارات اور مضبوط ادارہ جاتی صلاحیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کا استعمال پائیدار ترقی، مالی شمولیت اور عوامی مفاد کے لیے ہونا چاہیے۔
آخر میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے رکن ممالک سے ڈیجیٹل اثاثوں کی مشترکہ عالمی حکمرانی کے لیے تعاون کا مطالبہ بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments