صومالی قزاقوں سے چار پاکستانی چھڑوا لیے، کل وطن پہنچیں گے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ میں قزاقوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں میں سے چار افراد کو چھڑوا لیا گیا ہے، کل وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ شہید ہونے والے تین پاکستانیوں کے جسد خاکی بھی واپس لانے کے لیے اقدامات کیے گئے جا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ جبوتی میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستانیوں کی رہائی اور واپسی کے لیے کوشاں ہے، یاسر خان ،عقیل خان ،امین بن شمس اور عثمانی غنی کل کراچی پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید افراد کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، یہ ان کے لیے بڑا غمناک لمحہ ہے، تین پاکستانی عمران علی ،یاسین محمد اور سید یوسف حسین کپتان کے ساتھ جہاز پر موجود ہیں، دوست ممالک سے ان افراد کی محفوظ واپسی کے لیے رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ وزیر اعظم کی ہدایت کے تحت تمام پاکستانیوں کی واپسی کے لیے سرگرم ہے۔

دوسری طرف صومالی حکومت نے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے جسد خاکی کی واپسی کے لیے معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے آنر 25‘ نامی آئل ٹینکر کو قزاقوں کے قبضے سے بازیاب کرانے کے لیے آپریشن کیا، کارروائی کے دوران صومالی قزاقوں نے فائرنگ کرکے 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمارکےشہری کو قتل کردیا جبکہ قزاقوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔

صومالی حکام کا کہنا تھا کہ صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ میں آئل ٹینکر آنر 25 کے عملے کے 5 ارکان کو قزاقوں نے قتل کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...