چین: بچوں کو سیسہ آلود خوراک دینے کا الزام، نرسری کی مالکن سمیت 5 ارکان کو قید کی سزائیں

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کی ایک عدالت نے نرسری کی مالکن اور اس کے عملے کے پانچ ارکان کو 200 سے زیادہ بچوں کو سیسے سے آلودہ خوراک دینے کے الزام میں قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

چینی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ گانسو کے شہر تیان شوئی میں واقع کنڈر گارٹن چلانے والی لی ہوئی فانگ کو زہریلی اور نقصان دہ خوراک تیار کرنے اور فروخت کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

جولائی 2025 میں نرسری کے 247 بچوں اور عملے کے ارکان کے خون میں سیسے کی مقدار معمول سے کہیں زیادہ پائی گئی تھی جس کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا۔

اس سے قبل بچوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، واقعے کی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ باورچی کھانوں کی ظاہری شکل بہتر بنانے اور مزید طلبہ کو متوجہ کرنے کے لیے ناقابل استعمال پینٹ استعمال کر رہے تھے حالانکہ اس پر واضح طور پر درج تھا کہ اسے خوراک میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے سزا کے علاوہ لی ہوئی فانگ کے ذاتی اثاثوں میں سے پانچ لاکھ یوان بھی ضبط کرنے کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...