خیبرپختونخوا میں امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ سکواڈز تشکیل

پشاور: (دنیا نیوز) محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی اور امتحانی مراکز میں بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ سکواڈز تشکیل دے دیے ہیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق مانیٹرنگ سکواڈز امتحانی پرچوں کے آغاز سے قبل اچانک دورے کریں گے اور امتحان کے اختتام تک متعلقہ مراکز میں موجود رہیں گے۔

سکواڈز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ امتحانی مراکز میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کریں اور ان کی روک تھام کے لیے اصلاحی اقدامات تجویز کریں۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور متعلقہ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو امتحانی مراکز کی نگرانی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس فراہم کی جائیں گی، تاکہ امتحانی عمل کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔

جاری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ مانیٹرنگ سکواڈز صرف امتحانی عمل کی نگرانی تک محدود رہیں گے اور معمول کے معائنے کے دوران کسی دوسری سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔

ہدایت کے مطابق سکواڈ کا کوئی بھی رکن ایسے امتحانی مرکز یا ہال کا دورہ نہیں کرے گا جہاں اس کا کوئی رشتہ دار امتحان دے رہا ہو، تاکہ نگرانی کے عمل میں غیر جانب داری برقرار رکھی جا سکے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے خواتین کے امتحانی مراکز میں مرد افسران کے دوروں پر بھی پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ان اقدامات کا مقصد امتحانی عمل کی نگرانی کو مؤثر بنانا، بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا اور امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...