فاسٹ بولرمحمد عامر پی سی بی کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے جدید سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی کو جاتا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولیات اور ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی ان منصوبوں میں تسلسل برقرار رہا تو پاکستان کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی ڈائیٹ، ٹریننگ اور ری ہیب کی باقاعدہ نگرانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز پر سرمایہ کاری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں جدید سہولیات اور بہترین ماحول میسر ہے۔ نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی، پاکستان میں ری ہیب کی جدید سہولیات کی فراہمی بھی کرکٹرز کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

محمد عامر نے ملتان میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی پروگرام کو مثبت پیش رفت قرار دیا جبکہ سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ سابق کھلاڑیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد سفارشات پی سی بی کو پیش کی جائیں گی تاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...