گورنر خیبر پختونخوا کی پشاور ماسٹر پلان کے 180 روزہ اہداف پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت
پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور ماسٹر پلان کے 180 روزہ اہداف پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر خزانہ آصف محمود پاشا، مشیر بلدیات آصف رفیق، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں 100 اور 180 روزہ اہداف، سڑکوں کی بحالی، انڈر پاسز کی تعمیر، ٹریفک مسائل اور شہری سہولیات کی بہتری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ پشاور میں تین انڈر پاسز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ پشتخرہ اور جمیل چوک انڈر پاسز جلد مکمل کیے جائیں گے۔ رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر 50 کروڑ روپے کی لاگت سے الیکٹرک پولز، لائٹنگ اور کیبلنگ کا کام جاری ہے۔
پشاور کی 35 اہم سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن، پیر زکوڑی فلائی اوور کے لیول ٹو اور ناصر باغ روڈ کی توسیع پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 323 کنال اراضی پر مشتمل نیو پشاور بس ٹرمینل کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جلد فعال کیا جائے گا جب کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے بعد خالی ہونے والی اراضی سے دو دن میں ملبہ اٹھانے اور وہاں عوامی مقامات بنانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی روڈ کی دوبارہ کارپٹنگ ترجیحی بنیادوں پر کرنے، بجلی کی تاریں زیر زمین منتقل کرنے اور کوہاٹ روڈ پر انڈر پاس کی فزیبلٹی اسٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے چنگ چی اور رکشوں کی رجسٹریشن کے لیے فوری قانون سازی، ای چالان سسٹم کے آغاز، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور ٹریفک کے رش والے مقامات پر مسائل کے حل کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، پشاور کی کینال روڈز کو خوبصورت بنانے کے لیے جدید لائٹنگ نصب کی جائے اور سیاحتی مقامات سمیت شہر بھر میں بنیادی سہولیات کی بہتری، تزئین و آرائش اور عوامی مقامات کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments