مولانا زیرک سیاستدان، اسمبلی میں بیان دے کر ان سے غلطی ہوئی: رانا تنویر حسین
شرقپور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رنا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، اسمبلی میں بیان دے کر ان سے غلطی ہوئی۔
اپنے آبائی علاقے شرقپور میں گرین بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،اگر خطے کی صورتحال برقرار رہی تو تیل کے بعد گیس کی فراہمی کے حوالے سے بھی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں، تاہم اسمبلی میں ایسا بیان دے کر ان سے غلطی ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنر راج زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لیے نافذ کیا جا سکتا ہے، جبکہ گورنر راج کے بجائے ایمرجنسی کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے، اگر پاکستان تحریک انصاف اپنے رویے میں تبدیلی لاتے ہوئے راہِ راست پر آ جائے تو گورنر راج کے خاتمے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
رانا تنویر حسین نے پنجاب میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن کے ذریعے عوام کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، دیگر صوبوں کو بھی پنجاب کی پالیسیوں پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور اب ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت 26 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر ہیں، جو معاشی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئے روز اسلام آباد پر چڑھائی اور سیاسی احتجاج کے باعث ملکی ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے، سیاسی کشیدگی اور احتجاجی سرگرمیوں سے ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے، اس لیے ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے تسلسل کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments