ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پٹرول سستا ہونے کی امید ہے: رانا ثنا اللہ
فیصل آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایران پر پابندیاں ختم ہونے سے پٹرول سستا ہونے کی امید ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے، امید ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث دنیا بھر کی معیشت متاثر ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کو بھی اس صورتحال میں مختلف مسائل کا سامنا ہے، جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ایندھن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے پاکستان کی قیادت نے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ دنیا کو تباہی سے بچانے کے لیے کی جانے والی یہ کوششیں نہ صرف عالمی امن بلکہ پاکستان کے اپنے مفاد میں بھی ہیں۔ امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کا جلد خاتمہ ہوگا اور حالات معمول پر آجائیں گے۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 کا عام انتخابات جیتا تھا، تاہم حکومت نہیں بنا سکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں چار سال کے دوران ایک کلومیٹر سڑک بھی تعمیر نہیں کی گئی اور اس عرصے میں ترقیاتی کاموں کے بجائے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ فیصل آباد میں تمام بڑے ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئے، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے اپنے دور حکومت کی کارکردگی کو نمایاں کیا۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں انتہائی اہم ہیں، کیونکہ جنگ کا جاری رہنا عالمی معیشت، توانائی کی فراہمی اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments