وی آئی پی دورے پر امتحان ملتوی کرنے کی کوشش، ڈی سی جہلم عہدے سے برطرف
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وی آئی پی دورے کے باعث امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹ میں جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی دورے کے دوران عوام بالخصوص طلبہ کو پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی سی جہلم میر رضا نے ہدایات کی واضح خلاف ورزی کی، ڈی سی جہلم نے وی وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔
بعدازاں وزیراعلیٰ دفتر کی طرف سے احکامات دوبارہ جاری کیے گئے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دوروں کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہئے، کوئی مارکیٹ، دکان یا کاروباری ادارہ بند نہیں کیا جائے گا۔
ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے باعث کسی بھی کاروباری سرگرمی کو معطل نہ کیا جائے، سکیورٹی کے نام پر کسی رہائشی گلی کو بند یا سیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میرے دوروں کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہ کی جائے، سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کئے جائیں کہ عام شہریوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کر دی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments