انڈر 19 ورلڈ کپ: انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 211 رنز کا ہدف

ہرارے: (دنیا نیوز) انڈر 19 ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 211 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

ہرارے میں ہونیوالے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر انگلینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 210 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کالیب فالکنر66 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، بین ڈاکنز 33، رالفی البرٹ 25، بین میس 20، فرحان احمد 15، تھامس ریو 14جبکہ جوزف مورز 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3، علی رضا،عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ہم نے کنڈیشنز دیکھ کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہاں ٹرائی سیریز کھیلنے سے کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دونوں وارم اپ میچز جیت کر آرہے ہیں جس سے ہم بہتر پوزیشن میں ہیں، ہم دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں