آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ آج متوقع
لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کرے گا یانہیں، فیصلہ آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات آج شام 6 بجے ہونے کا امکان ہے جبکہ ملاقات کے بعد ورلڈ کپ کے حوالے سے اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے، ورلڈکپ کے حوالے سے فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے فیصلے کے بعد قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کا فیصلہ ہوگا لیکن اگر پاکستان ورلڈ کپ کے لیے نہیں جاتا تو کٹ کی رونمائی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع ک مطابق ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی نے پلان 2 بھی تیار کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں 4 ٹیموں کا ٹورنامنٹ لاہور میں کرایا جائے گا، پاکستان ٹیم، شاہینز انڈر 18 ٹیموں کو چار ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔