ہم سب فینز کی واپسی چاہتے ہیں، پی ایس ایل ٹیم مالکان کی وزیراعظم سے اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ٹیم کے مالکان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے سٹیڈیم میں فینز کو اجازت دینے کی اپیل کردی۔

پی ایس ایل کی مختلف فرنچائز مالکان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں فینز کو اجازت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا جشن ہے لیکن فینز کے بغیر یہ ادھورا ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ فینز کی میدان میں واپسی کی اجازت دی جائے۔

ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے شہباز شریف کے نام جاری پیغام میں لکھا کہ ہم سب فینز کی واپسی چاہتے ہیں ۔

ٹیم راولپنڈیز کے مالک احسن طاہر کے مطابق ’فینز کے بغیر کرکٹ نہیں ، کرکٹ پاکستانی عوام کی میراث ہے جو ان کی انیرجی سے ہی چلتی ہے ۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستاں سپر لیگ عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے، فینز کا جذبہ اور ان کی موجودگی پی ایس ایل کی حقیقی روح ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ’ گراؤنڈ میں فینز کی انرجی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے، گراؤنڈ میں فینز کے بغیر پی ایس ایل ادھوری ہے۔

حیدرآباد کنگسمین کے مالک فواد سرور کے مطابق ‘ہم نے پہلے میچ میں گراؤنڈ میں فینز کو بہت مس کیا ، اسٹیڈیم میں ایک بار پھر ہر باؤنڈری اور وکٹ پر کراؤڈ کا شور مچنے دیں‘۔

کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ’ پی ایس ایل کے دوران خالی اسٹیڈیم دیکھ کر افسردہ ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں