وزیراعظم کی چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، پرتپاک استقبال
بشکیک:(دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کرغزستان میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں آمد پر کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے وزیراعظم کا استقبال کیا، افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان آنے والے دیگر ممالک کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کی سٹیڈیم میں آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے کھڑے ہو کر پاکستانی دستے کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا بھرپور استقبال کیا اور داد دی۔
پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے، ورلڈ نومیڈ گیمز وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی اور ثقافتی کھیلوں پر مشتمل بین الاقوامی مقابلہ ہے، جس میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی، جانوروں کے شکار سے متعلق روایتی مقابلوں سمیت ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں جاری رہیں گے، کھیلوں کے انعقاد کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments