لاہور ہائیکورٹ : فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کے متعلق تحریری فیصلہ جاری

لاہور:(دنیا نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،عدالت نے 36 کیسز میں عبوری ضمانت دائر کرنے کے لیے فواد چوہدری کو سات دن کی مہلت دے دی، عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواست 18 اپریل کو چیف جسٹس کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت عالیہ کے تحریری فیصلہ میں لکھا گیا کہ فواد چودھری کا سات دنوں کا وقت 18 اپریل سے شروع ہوگا، فواد چودھری ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتوں میں پیش ہوں گے، فواد چودھری 36 کیسز میں ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ رجسٹرار آفس مناسب احکامات کیلئے درخواست چیف جسٹس کے روبرو پیش کرے، فواد چودھری عبوری ضمانتوں میں ٹھیک 10 بجے ویڈیو لنک پر ماتحت عدالتوں میں پیش ہونگے جبکہ سیشن کورٹ لاہور کے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائیں گے۔

واضح رہے سابق وزیر فواد چودھری نے مختلف تھانوں میں اپنے 36مقدمات درج ہونے کے خلاف عبوری ضمانتوں کیلئے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں