صدر زرداری سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

کراچی: (دنیا نیوز) صدر پاکستان آصف علی زرداری سے کنوینئرایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق وفد میں سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق ملاقات میں ملک کے موجودہ سیاسی و معاشی بحران اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا گیا۔

ایم کیو ایم وفد نے سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر صدر مملکت سے شدید تشویش کا اظہار کیا، وفد کی جانب سے سٹریٹ کرائم میں لوگوں کے قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق وفد نے صدر مملکت سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں