پنجاب: محرم میں امن و امان کیلئے خطرہ بننے والوں کی ضلع بندی کیلئے فہرستیں طلب

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام کے حوالے سے اہم اقدام اٹھا لیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و امان کیلئے خطرہ بننے والوں کی ضلع بندی کیلئے فہرستیں طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو 24 گھنٹوں میں سفارشات بھجوانے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد فرقہ واریت کو ہوا دینے والے مقررین کی زبان بندی کے احکامات بھی جاری ہوں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے جلوسوں کیلئے ایس او پیز بھی جاری کر دیئے۔

ایس او پیز میں کہا گیا کہ صرف منظور شدہ روٹس پر جلوس کی اجازت ہوگی، ہیڈ سے ٹیل تک سکیورٹی کوور دیا جائے گا، ہر جلوس کے روٹ کو سکیورٹی ادارے، انتظامیہ اور امن کمیٹی پیشگی کلیئر کرے، جلوس کے راستوں میں لائیو کوریج کیلئے سرویلنس کیمرے نصب کئے جائیں۔

ہدایت کی گئی کہ شرکاء صرف مختص کردہ راستے سے مکمل چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہوں، جلوس کے راستوں پر ضرورت کے مطابق جیمرز نصب کئے جائیں گے، جلوس کے راستے میں کسی سویلین کو کوئی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، وقت کی پابندی لازم اور جلوس کا اختتام مغرب سے پیشتر کیا جائے گا۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر کوئی شہری چھت پر نہ آئے اور مالک مکانوں سے کرایہ داروں بارے سرٹیفکیٹ لیا جائے، شبیہ ذوالجناح اور تعزیوں کی محفوظ واپسی تک سکیورٹی کوور موجود رہے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں حساس مقامات کی کڑی نگرانی کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں