190 ملین پاؤنڈ ریفرنس:عمران خان کیخلاف مقدمے میں اعظم خان، پرویزخٹک طلب

راولپنڈی : (دنیانیوز) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اعظم خان، پرویز خٹک و دیگر کو طلب کرلیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں کی، نیب کی جانب سے امجد پرویز،سردار مظفر عباسی سمیت لیگل ٹیم عدالت پیش ہوئے۔

وکلاء صفائی عثمان گل،ظہیر عباس چوہدری ملزمان کی جانب سے عدالت پیش ہوئے جبکہ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کو جیل سےپیش کیا گیا۔

ریفرنس کی سماعت کے دوران  3گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی، ایسٹ ریکوری یونٹ کے غلام حیدر، ڈی سی ایف بی آر محمد علی تاج کے بیان پر جرح مکمل جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے یاسر عظیم کے بیان پر بھی جرح مکمل کرلی گئی جس کے بعد ریفرنس میں استغاثہ کے 30گواہان کی شہادت پر جرح مکمل ہو گئی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم اعظم خان ، سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور زبیدہ جلال کو طلب کر لیا۔

آئندہ سماعت پر بنی گالہ کے پٹواری عباس کرلیا کو بھی طلب کیا گیا ہے ، ریفرنس کی سماعت 10جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں