لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، بجلی کی فراہمی معطل

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، ٹھوکر نیاز بیگ، ڈیفنس روڈ، ڈیوس روڈ، مغلپورہ، گوالمنڈی، لکشمی چوک اور اطراف میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اچھرہ، مسلم ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ہربنس پورہ، اسلام پورہ، بند روڈ پر بھی خوب بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت مختلف مقامات پر بھی جم کر بادل برسے۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں شہر قائد میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

کراچی کے علاقے طارق روڈ، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ پر ہلکی بارش جبکہ ملیر اور کورنگی میں بوندا باندی ہوئی، راولپنڈی میں بھی بادل کھل کر برسے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں مری ، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں