24 نومبر کو احتجاج پرامن ہوگا: شعیب شاہین، مقصد انتشار پھیلانا ہے: رانا احسان افضل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ 24 نومبر کو ہمارا احتجاج پرامن ہوگا۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شعیب شاہین نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ فائنل کال ہے، ہمارا 24 نومبر کا احتجاج کامیاب ہوگا، پورے پاکستان سے کارکن احتجاج میں شریک ہوں گے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، ہم نے آخری جلسہ بھی پرامن اور اجازت لیکر کیا، اگران کی کانپیں نہیں کانپ رہی تو حکومت احتجاج کی اجازت دے، گارنٹی دیتا ہوں ہم پرامن طریقے سے احتجاج کریں گے، ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
کوآرڈی نیٹروزیراعظم رانا احسان افضل نے کہا کہ اس ملک میں پرامن ترین انقلاب 8 فروری کو آگیا تھا، حکومت کو ان کے احتجاج سے کوئی گھبراہٹ نہیں، پی ٹی آئی والے کال دے کر پھنس گئے ہیں، یہ جلسہ نہیں کر رہے دھرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
رانا احسان افضل نے مزید کہا کہ یہ توکہہ رہے ہیں کفن باندھ کرآئیں گے، ان کا مقصد انتشار پھیلانا ہے، حکومت ان کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے گی، ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، پی ٹی آئی والے ملک میں انتشارچاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کوئی مانگ ایسی نہیں ہے جو حکومت پوری کرسکے، یہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو اگر رہائی ملے گی تو عدالتوں سے ملے گی، حکومت ہر ممکن حفاظتی اقدامات کرے گی۔