احتجاج کے ویڈیو ثبوت نہ دینے والے کو ٹکٹ نہیں ملے گا: بشریٰ بی بی کی آڈیو سامنے آگئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی پی ٹی آئی اجلاس سے مبینہ خطاب کی آڈیو سامنے آگئی۔

بشریٰ بی بی نے اپنے خطاب میں کہا بانی پی ٹی آئی کا پیغام تمام صدور، جنرل سیکرٹریز، ایم این ایز اور ایم پی ایز کیلئے ہے، ہر ایم پی اے 5 ہزار اور ایم این اے 10 ہزار علیحدہ علیحدہ افراد لائے گا۔

بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ آپ کو گاڑیوں کی ویڈیو بنانی ہے جس میں عام عوام بھی نظر آئیں، احتجاج میں صرف ورکرز نہیں عوام کو بھی لیکر پہنچنا ہے، ویڈیو ثبوت نہ دینے والے کو آئندہ ٹکٹ نہیں ملے گا، انٹرنیٹ بند ہوگا، متبادل بندوبست کرنا ہوگا، سوشل میڈیا، یوٹیوبرز قافلوں کی ویڈیو ساتھ ساتھ شیئر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص نے خود کو گرفتاری سے بچانے کیلئے حکمت عملی طے کرنی ہے، اگر کوئی گرفتار ہوگا تو پھر قافلہ متبادل رہنما لیڈ کرے، بعد میں یہ نہیں سنا جائے گا کہ گرفتار ہوگیا، شیلنگ ہوگئی۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تمام عہدیدار گاڑیوں کے اندر کی تصاویر اور ویڈیو بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں