پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ جعلی حکومت کی حواس باختگی کااظہار ہے: بیرسٹرسیف
پشاور : (دنیانیوز) مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے جعلی حکومت کی حواس باختگی صاف ظاہر ہے۔
ایک بیان میں مشیر اطلاعات نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف 50 بندے اکھٹے نہ کرنے کے دعوے دوسری جانب کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سمجھ سے بالاتر ہے، 50 بندوں کیلئے پورے پاکستان کے کنٹینرز اسلام آباد پہنچا دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب،سندھ اور کشمیر کی تمام فورسز بھی اسلام آباد میں تعینات کی جارہی ہیں، ان تمام کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی اسلام آباد پہنچ کر اپنے مطالبات منوائے گی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کاکہنا تھا کہ جعلی حکومت پر شدید خوف طاری ہے، اور ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، جعلی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے اور فسطائیت کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں، بغض میں آئین اور قانون کو روندا جارہا ہے۔