سندھ: ایم ڈی کیٹ کا کل انعقاد، امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144، جیمر لگانے کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کل ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، 8 تعلیمی اداروں کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے میڈیکل کے ٹیسٹ کے انعقاد کو شفاف بنانے کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ اور امتحانی مراکز میں موبائل جیمرز لگانے کا حکم دے دیا۔

پولیس کی جانب سے میڈیکل کالجز، جامعات کے داخلہ ٹیسٹ مراکز میں مناسب سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل ڈیوائس، موبائل فون اور لیڈیز پرس لانا منع ہے جبکہ ٹیسٹ مراکز کے اطراف میں غیر متعلقہ افراد اور گاڑیوں کی آمد ورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

کل سندھ کے 8 مختلف مقامات پر ایم ڈ ی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، یہ ٹیسٹ جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، پبلک سکول حیدر آباد، پولیس ٹریننگ سینٹر لاڑکانہ، مہران یونیورسٹی جامشورو، آئی بی اے پبلک سکول سکھر اور قائد عوام یونیورسٹی شہید بینظیرآباد (نواب شاہ) میں ہوں گے۔

یاد رہے کہ عدالت نے 26 اکتوبر2024 کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم صادر فرمایا تھا اور سندھ ہائی کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ تمام رپورٹس سے ثابت ہوتا ہے کہ ا یم ڈی کیٹ ٹیسٹ شفاف نہیں ہوا، اس موقع پر تحقیقاتی ٹیم اور ایف آئی اے نے بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر لیک ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں