یونان کشتی حادثہ: محسن نقوی کا پاکستانی شہریوں کی اموات پر تحقیقات کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، ملوث مافیا اب تک کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کیلئے ایف آئی اے بلاامتیاز ملک گیر ایکشن لے۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے ایک پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،واقعہ میں بچ جانے والوں میں 47 پاکستانی شامل ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔