صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کا اجرا، پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب
اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر کے دستخط کے بغیرسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس کے اجرا کے معاملہ پر پیپلز پارٹی نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اور اس سلسلہ میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں آئینی عمل میں وفاقی حکومت کے طریقہ کار پر تحفظات پر غور ہوگا۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان کو شرکت کی ہدایات جاری کردیا۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان نے واک آؤٹ کیا اور پی پی رہنما نوید قمر کا کہنا تھاکہ اس ایوان کی پرائمری ذمہ داری قانون سازی ہے لیکن پہلی بارحکومت نے سپیشل اکنامک زونز آرڈیننس نافذ کیا جس کی صدر نے منظوری نہیں دی، اس قانون کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ان حالات میں ہم اس ایوان کا حصہ نہیں بنتے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے ارکان میری بات سن لیں، یہ بات ہمارے نوٹس میں لائی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر چل رہی ہے، حکومت کی طرف سے واضح کرتا ہوں جب تک صدر توثیق نہ کریں ہم اس کو نوٹیفائی نہیں کرتے۔