پاکستان اور مراکش کے مابین دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستحط
کاسابلانکا:(دنیا نیوز) وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے مراکش کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے مابین دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
خواجہ آصف نے مراکش کی حکومت کے سربراہ کے ماتحت قومی دفاعی انتظامیہ کے انچارج وزیر مملکت عبداللطیف لودیعی سے ملاقات کی اور اس موقع پر مراکش کے ساتھ ایم او یو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
اُنہوں نے وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا،خواجہ آصف نے مملکت مراکش کے وزیر خارجہ، افریقی تعاون اور مراکشی تارکین وطن ناصر بوریطا سے بھی علیحدہ ملاقات کی اور ملاقاتوں کے اختتام پر دونوں جانب سے تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیر دفاع نے مراکشی ہم منصب کو پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال بھی پیش کیا، ملاقاتوں سے قبل اُنہوں نے محمد پنجم کے مزار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
ان ملاقاتوں اور سرگرمیوں کے دوران دونوں فریقین کو دوطرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع ملا ، انہوں نے امن، استحکام اور تعاون کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزات دفاع سے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے اور دفاع، سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔