سانحہ گل پلازہ: عمارت سے آج مزید 3 نعشیں نکال لی گئیں، 31 افراد جاں بحق، 86 لاپتہ
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کو لگنے والی آگ کے سبب دم گھٹنے اور جھلسنے سے اب تک 31 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 86 افراد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے آج مزید 3 نعشیں ملی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 31 تک پہنچ گئی جبکہ سرچ آپریشن کے دوران کچھ انسانی باقیات ملیں، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس سرجن کے مطابق 11 نعشوں کی شناخت ہوگئی، ڈی این اے سیمپل لے لئے گئے، 51 لواحقین کے نمونے بھی لئے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ مزید ایک لاپتہ شہری کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک سے رابطہ کر لیا، 65 سالہ جہانگیر شاہ کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک پر اندراج کروا دیا جس کے بعد لاپتہ شہریوں کی تعداد 86 ہوگئی۔
آگ سے متاثرہ گل پلازہ میں سرچ آپریشن جاری رہا، گراؤنڈ، میزنائن اور فرسٹ فلور کو کلیئر کرا لیا گیا، بلڈنگ کا 40 فیصد سے زائد حصہ گر گیا، بلڈنگ کا باقی ڈھانچہ کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ گل پلازہ کی چھت سے کاروں سمیت 32 گاڑیاں اتار لی گئیں، عمارت کی چھت سے بڑے بڑے جنریٹرز بھی اتار لئے گئے۔
آخری لاپتہ شخص کے ملنے تک عمارت نہیں گراسکتے: ڈی سی ساؤتھ
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتہ شخص ہے اس وقت تک عمارت کو نہیں گراسکتے اور جب سب مکمل ہو جائے گا تب پوری عمارت کو گرائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں پانچویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہماری کوشش ہے جلد از جلد نعشوں کی شناخت بھی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ 39 لاپتہ افراد کی لوکیشن گل پلازہ کی بلڈنگ کی آئی ہے مگر بلڈنگ کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں ہم نہیں پہنچ سکے، گل پلازہ کے جو حصے گرے ہیں وہاں سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے، مشین سے اور مینولی بھی کام کیا جا رہا ہے، عمارت کے گرے ہوئے حصے کو اٹھانے میں مشکلات ہیں۔
جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ عمارت کے اندر ابھی بھی دھواں اور گرمائش ہے لہٰذا اس وقت عمارت میں کولنگ بھی کی جا رہی ہے جہاں تک پہنچ سکتے ہیں وہاں سرچ کیا گیا ہے، تکنیکی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیواینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کا مزید کہنا تھا کہ برابر میں موجود رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کیا ہے، ایس بی سی اے سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر چیزیں مانگی ہیں۔