5 اکتوبر احتجاج کیس: علیمہ اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانت میں توسیع
لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس پر تشدد کے مقدمے میں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانت میں 16 اپریل تک توسیع کر دی۔
عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی، جس میں دونوں بہنیں خود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکلاء نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور بتایا کہ علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے لیے گئی ہیں۔
پراسیکیوٹر کے مطابق علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم پر کارکنان کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے کا الزام ہے، اور پانچ اکتوبر کو پولیس پر تشدد اور گاڑیاں جلانے کے واقعات ہوئے، علیمہ اور عظمیٰ خانم نے تھانہ شفیق آباد میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت حاصل کی ہوئی ہے۔
وکلاء نے دلائل میں کہا کہ دونوں بہنیں واقعہ کے وقت لاہور میں موجود نہیں تھیں اور صرف پارٹی کی وجہ سے ملوث قرار دی گئی ہیں، عدالت نے پراسیکیوٹر کو ضمانت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت دی اور وکلاء کی استدعا پر عبوری ضمانت کو برقرار رکھا۔