شفقت علی کی ابوظہبی میں ایرانی حملوں میں زخمی پاکستانی شہریوں کی عیادت

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے ابوظہبی کے شیخ شخبوط طبی شہر میں زیرِ علاج زخمی پاکستانی شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سفیر نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارتی مشنز متاثرہ شہریوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سفیر شفقت علی خان نے زخمی افراد اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے دوران انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ اور قونصل خانہ دونوں ادارے کمیونٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حالیہ واقعات کے بعد بعض پاکستانی شہری زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی، ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے علاج معالجے کے لیے ضروری سہولیات مہیا کیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھی۔

سفیر نے اس موقع پر یو اے ای حکام کے تعاون اور انسانی ہمدردی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات مشکل حالات میں بھی نمایاں رہتے ہیں، حکام کے مطابق پاکستانی سفارتی مشنز کمیونٹی کی رہنمائی اور مدد کے لیے آئندہ بھی متحرک رہیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں